آپریشن ردالفتنہ 3،فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، 15خوارج ہلاک

کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں۔کارروائیوں کے نتیجے میں 15 خوارج جہنم واصل ہوئے جبکہ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی مثر کارروائیوں کے باعث خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا اوران کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی تحسین کی اور 15 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرکے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، دہشتگردی کے خلاف برسرِپیکار سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان شااللہ قوم کی حمایت سے بلوچستان سے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔