وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) 23 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 20 حلقوں میں انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا اور عوام نے اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی، جبکہ مظفرآباد ڈویژن کی 7 نشستوں میں سے 4 پر مسلم لیگ (ن) اور 3 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن) 23 نشستیں جیت کر قانون ساز اسمبلی میں سادہ اکثریت کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے میرپور ڈویژن میں شکست کے بعد دھاندلی کا بیانیہ اختیار کیا، تاہم جب ان سے شواہد طلب کیے گئے تو ان کے دعوے پہلے 13 حلقوں سے کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 حلقوں تک محدود ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا مکمل احترام کیا جائے گا اور انتخابی نتائج کو آئینی و جمہوری تقاضوں کے مطابق تسلیم کیا جائے گا۔

