امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا توانائی کے شعبے میں دنیا کی مضبوط ترین طاقت ہے اور اس کے پاس تیل و گیس کے ایسے وسیع ذخائر موجود ہیں جو ملک کی ضروریات ایک ہزار سال تک پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے بے پناہ تیل اور ایندھن کے ذخائر ہی اس کی معاشی اور تزویراتی طاقت کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا، “ہمارے پاس ایک ہزار سال کے لیے کافی پیٹرول اور تیل موجود ہے، جبکہ چین کے پاس ایسا کچھ نہیں۔ ہمارے پاس ان سے کہیں زیادہ تیل اور ایندھن ہے۔”
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر وینزویلا کے تیل کے ذخائر اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے توانائی تعاون کو بھی مدنظر رکھا جائے تو امریکا کی توانائی کی پوزیشن مزید مضبوط ہو جاتی ہے۔
تاہم ٹرمپ نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی اعداد و شمار یا سرکاری رپورٹ پیش نہیں کی۔ توانائی کے ذخائر کی حقیقی مدت مختلف عوامل، بشمول پیداوار، کھپت، نئی دریافتوں اور معاشی حالات کے مطابق تبدیل ہو سکتی ہے۔

