فیفا ورلڈ کپ کیلئے کینیڈا آئے 175افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دے دیں

فیفا ورلڈ کپ کے دوران کینیڈا آنے والے 175 غیر ملکی افراد نے سیاسی پناہ (اسائلم) کی درخواستیں دے دیں۔

کینیڈا کے شہروں ٹورنٹو اور وینکوور میں فیفا کے 13 میچ کھیلے گئے جن کے لیے کینیڈا نے 26 ہزار ویزے جاری کئے تھے۔

مختلف ممالک سے ہزاروں افراد نے فیفا کے میچ دیکھنے کے لیےکینیڈا کے سیاحتی ویزوں کے لیے درخواستیں دی تھیں جن میں 50 فیصد سے زائد مسترد کر دی گئی تھیں۔

کینیڈا پہنچنے والے غیر ملکیوں میں سے 175 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دائر کر دی ہیں جن کا کینیڈا کے رفیوجی قوانین کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔

امیگریشن حکام نے یہ نہیں بتایا کہ سیاسی پناہ کی درخواستیں دینے والوں میں کتنے کھلاڑی شامل ہیں۔

گھانا سے تعلق رکھنے والے 25 افراد جبکہ مصر اور کولمبیا کے 15-15 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں، اس تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

اس سے قبل کینیڈین حکام غیر ملکیوں کو خبردار کر چکے تھےکہ فیفا کے لیے ویزوں کا حصول کینیڈا میں مقررہ مدت گزرنے کے بعد قیام یا سیاسی پناہ حاصل کرنے کا درست راستہ نہیں ہے۔