سیکورٹی فورسز کی وانا میں بروقت کارروائی، بارودی مواد سے بھری گاڑی تباہ

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر وانا اور گردونواح میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران دہشت گردوں کی جانب سے تیار کی گئی بارودی مواد سے بھری گاڑی کا سراغ لگایا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اس گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی اور انتہائی احتیاط سے کارروائی کا وقت مقرر کیا۔

گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اسے آبادی سے دور لے جایا گیا تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث وانا کی شہری آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دہشت گرد منصوبہ ناکام بنایا بلکہ معصوم شہریوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔