اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے پہلے الیکشنز سے متعلق قانون و آئین میں ترامیم کرانے کا فیصلہ کرلیا۔الیکشن کمیشن نے اپنی لیگل ریفارمز کمیٹی کو متحرک کردیا، لیگل ریفارمز کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے اعلی حکام لا سمیت تمام ونگز کے حکام شریک لیں گے، لیگل ریفارمز کمیٹی موجودہ انتخابی قانون آئینی شقوں کا جائزہ لے گی۔
ذرائع نے کہا کہ کمیٹی عام انتخابات 2024 میں سامنے آنے والی قانونی و آئینی خامیوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی آئینی و قانونی خامیوں کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات دے گی، الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو مزید مثر اور جدید بنانے کے لیے قانونی فریم ورک کا جائزہ لے گا۔
الیکشن کمیشن آئین، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 میں ضروری ترامیم کی تجاویز تیار کرے گا، ذرائع نے کہا کہ انتخابی قوانین کو عالمی بہترین طریقوں سے ہم آہنگ بنانے پر توجہ دی جائے گی، الیکشن کمیشن انتخابی قوانین میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے متعلقہ فورمز کو سفارشات ارسال کرے گا۔
انتخابی قوانین کا مقصد شفاف، منصفانہ اور یکساں انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل سے متعلق آئینی شقوں کا جائزہ 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف تیار کر رکھا ہے، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کا جائزہ دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
بلدیاتی قوانین کو الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 سے ہم آہنگ بنانے کی تجاویز تیار کی جائیں گی، بلدیاتی قوانین میں ترامیم پر الیکشن کمیشن نئی قانون سازی کے تین ماہ کے اندر اپنی رائے دے گا، الیکشن کمیشن کا مقصد انتخابی قوانین کو بدلتے حالات کے مطابق مثر اور جمہوری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

