نیتن یاہو کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے لبنان میں حالات خراب ہوں، ٹرمپ کی تنبیہ

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ایک ملاقات کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ ملاقات اگلے ہفتے کے آغاز میں ہی ہوسکتی ہے۔
نیوز ویب سائٹ کے مطابق ٹرمپ نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ قائد کون ہے۔
اسرائیلی چینل 15 نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے لبنان میں حالات خراب ہوں۔
ان کا یہ بیان لبنان کے جنوب کے بارے میں جاری سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ خطے کو کسی نئے فوجی تصادم میں دھکیلنے سے روکنے اور امن برقرار رکھنے کی واشنگٹن کی کوششوں کا مظہر ہے۔
اسی دوران ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی وجہ سے مذاکرات کو ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران ہفتوں کے بالواسطہ رابطوں کے بعد مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد ایرانی ایٹمی پروگرام، پابندیوں، منجمد ایرانی فنڈز کی بحالی اور دیگر معاملات پر مذاکرات کو بحال کرنا ہے۔