فرانس: نامور ترین فٹبالر دامن اسلام میں

رپورٹ: ضیاء چترالی

”میں کہا کرتا تھا: میں کبھی اسلام قبول نہیں کروں گا… لیکن پھر میں مسلمان ہوگیا!”فرانس کے نامور فٹ بالر اور سینٹر بیک پریسنل کیمپیمبے (Presnel Kimpembe) نے اپنے قبولِ اسلام کا دل نشین واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے:”حقیقت یہ ہے کہ میری پرورش ایسے ماحول میں ہوئی، جہاں میرے قریبی دوست مسلمان تھے۔ وہ مجھے اسلام کی دعوت دیتے، لیکن میں ہمیشہ ان سے کہا کرتا تھا کہ میں کبھی اسلام قبول نہیں کروں گا۔ ”

میرا خیال تھا کہ چونکہ میں ایک خاص مذہب میں پیدا ہوا ہوں، اس لیے یقینا اسی میں کوئی حکمت ہوگی۔میں عیسائی تھا، لیکن وقت کے ساتھ میں نے اسلام کے بارے میں پڑھنا اور اسے سمجھنا شروع کیا۔ میرے 2 بھائی بھی اسلام قبول کر چکے تھے۔ میں انہیں دیکھتا، ان کی زندگی سے سیکھتا اور آہستہ آہستہ میرے دل میں بھی اسلام کی محبت پیدا ہونے لگی۔ پھر ایک وقت آیا جب سب کچھ بالکل فطری انداز میں ہوا۔میں نے گرمیوں میں رمضان کے روزے رکھنے کا تجربہ کیا۔

اس وقت ہماری ٹیم نئے سیزن کی تیاری کر رہی تھی، کوچ اونائی ایمری تھے اور درجہ حرارت تقریبا ً45 ڈگری تھا۔ مجھے لگتا تھا کہ شاید میں زندہ نہ رہ سکوں، مگر اللہ تعالیٰ نے ہمت دی اور میں نے ماہ مبارک کے سارے روزے رکھ لیے۔ الحمدللہ۔اس کے بعد میں نے نماز شروع کی، پھر ایک دن خاموشی سے اسلام قبول کر لیا۔ میں نے بوجوہ اس کا عوامی سطح پر اظہار نہیں کیا۔ کسی کو بھی اس بارے میں نہیں بتایا، کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ کوئی میرے فیصلے پر اثر انداز ہو۔ جب میں نے اسلام قبول کیا تو اپنے چند دوستوں کو صرف اس لیے ساتھ لے گیا تاکہ وہ اس کے گواہ بن سکیں۔

جب ان سے پوچھا گیا: کیا آپ مکہ مکرمہ بھی گئے ہیں؟انہوں نے جواب دیا: جی ہاں! یہ ایک ناقابلِ بیان تجربہ تھا۔ جب آپ مکہ جاتے ہیں تو دل کو ایک عجیب سکون اور روحانی اطمینان نصیب ہوتا ہے۔پریسنل کیمپیمبے کون ہیں؟پریسنل کیمپیمبے فرانس کے ممتاز بین الاقوامی فٹبالر ہیں۔

وہ دفاعی کھلاڑی(سینٹر بیک) کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے تک فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (PSG) کی نمایندگی کی، متعدد فرانسیسی لیگ ٹائٹلز اور ملکی کپ جیتے، جبکہ 2018 ء میں فرانس کی اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ کیمپیمبے اپنی مضبوط دفاعی صلاحیت، جرات مندانہ کھیل اور قائدانہ کردار کی وجہ سے دنیا کے معروف فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہر سچے متلاشی حق کو ہدایت کی روشنی عطا فرمائے اور ہمیں بھی دینِ اسلام پر ثابت قدم رکھے۔ آمین۔