لاہور: وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک نے کہا ہے کہ سستا پیٹرول اسکیم سے 60 لاکھ سے زائد مستحق افراد مستفید ہوئے۔ اسکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو جاری رکھیں گے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ سستے پیٹرول کی اسکیم کیلئے حکومت اپنے وسائل میں کٹوتی کرے گی۔ سستے پیٹرول کی اسکیم اگر 10ماہ تک بھی چلانی پڑی توحکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کر کے عوام پر خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق گزشتہ ہفتے میرے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا، “میں نے کہا تھا اگر پیٹرول کی قلت ہوئی تو قیمتیں کنٹرول کرنا ممکن نہیں۔ پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔”
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے سیاست بعد میں کرے، ملک کو اولین ترجیح دے، ریاست کو دھمکانے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے، کسی کو ریاست پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر کسی کاوجود ہے نہ سیاست، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھ کر کسی کو آزاد کروایا جا سکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔
