پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا

اسلام آباد:زیتون کے شعبے میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پاکستان اب انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر نے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی جہاں پاکستان نے کونسل کے 123ویں اجلاس میں پہلی بار اپنی مستقل نشست سنبھال لی۔

مئی میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو27 دیگر زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ کونسل کے 123ویں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی،جہاں کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر،چیئرمین اور رکن ممالک نے پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کے زیتون کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 55 ہزار 669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت لگائے جا چکے ہیںجبکہ زیتون کی کاشت کے کلسٹرز بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

کونسل کو بتایا گیا کہ پاکستان میں51 اولیو آئل ایکسٹریکشن یونٹس،جدید پروسیسنگ سہولیات، نرسریاں،موسمیاتی اسٹیشنز اور آئی او سی کے معیار کے مطابق چار کوالٹی لیبارٹریز پر مشتمل مکمل فارم ٹو فورک ویلیو چین قائم کی جا چکی ہے۔

انٹرنیشنل اولیو کونسل کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان اب تصدیق شدہ زیتون کے پودوں کی مقامی سطح پر پیداوار میں خود کفیل ہو چکا ہے جبکہ گزشتہ سال نیویارک انٹرنیشنل اولیو مقابلے میں سلور ایوارڈ بھی حاصل کر چکا ہے۔