شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں دورانِ واردات پتھر مارنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا،شہرقائد میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نہتے شہریوں کے جاں بحق ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
بدھ کی صبح شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
مقتول نوجوان کی شناخت 19سالہ سید محمد رضوان کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان عبداللہ گوٹھ کا رہائشی تھا اوراس کا آبائی تعلق بہاولپورسے تھا ۔
مقتول کے بھائی سلطان نے بتایا کہ صبح 7 بجے کے قریب ہم دونوں بھائی اوربہنوئی پیدل کام پرجانے کے لیے گھر سے نکلتے تھے۔ میں اورمیرابہنوئی آگے تھے جبکہ مقتول بھائی ہم سے پیچھے چل رہا تھا۔
اسی دوران راستے میں موٹرسائیکل سوار3مسلح ملزمان پہنچ گئے اوراسلحہ کے زور پرہم سے انہوں نے موبائل فون چھین لیے۔ بھائی سید رضوان نے واردات ہوتی دیکھ کرڈاکوؤں کو پتھر مارا، جس پرڈاکووں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں سینے پر گولی لگنے سے چھوٹا بھائی رضوان موقع پرجاں بحق ہوگیا۔
دوسری جانب ایس ایچ او ممتاز مروت کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں۔ پولیس کو جائے وقوع سے 4 گولیوں کے خول ملے۔
واضح رہے کہ رواں سال شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 39ہو گئی ہے

