بشکیک:روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں 18 ہزار سے23ہزار کے درمیان دہشت گرد موجود ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم)ایس سی او) کے سلامتی کونسل سیکرٹریوں کے21ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی شوئیگو نے افغانستان سے جڑے دہشت گردی اور منشیات اسمگلنگ کے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
روس کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئیگو نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں اس وقت20سے زائد شدت پسند گروہوں کے18ہزار سے23ہزار جنگجو سرگرم ہیں جو پورے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، طالبان داعش خراسان کے خلاف برسرِپیکار ہیں، تاہم اب بھی کئی شدت پسند گروہ طالبان کے مکمل کنٹرول سے باہر ہیں۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق شوئیگو نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم مسئلہ بن چکی ہے، داعش خراسان کے تقریباً3ہزار جنگجو افغانستان میں موجود ہیں،داعش نے سال2025 ء کے دوران 12 بڑے دہشت گرد حملے کیے جن میں40فوجی اہلکار اور25شہری ہلاک جبکہ50سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
روسی عہدیدار نے کہا کہ شام سے ایغور، تاجک اور ازبک جنگجوئوں کی افغانستان آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، ان میں بعض عناصر ماضی میں حیات تحریر الشام سے وابستہ رہے ہیں جس سے خطے میں سیکورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
طالبان کی سیکورٹی ایجنسیاں افغانستان آنے والے شدت پسند عناصر کی نگرانی کررہی ہیں لیکن اس کے باوجود کچھ اسلام پسند گروہ اب بھی طالبان کے مکمل کنٹرول سے باہر ہیں۔
انہوں نے طالبان حکومت کی جانب سے منشیات کے خلاف اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں پوست کی کاشت اور افیون کی پیداوار میں تقریباً90فیصد کمی آئی ہے، مصنوعی منشیات،خصوصاً میتھ ایمفیٹامین کی پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،2025 ء کے دوران افغانستان کی سرحدوں پر 30 ٹن سے زائد مصنوعی منشیات پکڑی گئیں۔
سرگئی شوئیگو نے مزید کہا کہ افغانستان میں شدید معاشی بحران کے باعث اب بھی تقریباً 40 لاکھ افراد منشیات سے متعلق فصلوں کی کاشت سے وابستہ ہیں۔
اجلاس کے دوران روسی عہدیدار نے مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس، کیوبا، وینزویلا، عراق، ایران، شمالی کوریا، لیبیا اور افغانستان کے تقریباً 590 ارب ڈالر کے اثاثے مغربی ممالک میں منجمد کیے جاچکے ہیں، اس صورتحال کے بعد دنیا کے کئی ممالک مغربی ممالک میں اپنے قومی ذخائر محفوظ رکھنے کے حوالے سے دوبارہ غور کرسکتے ہیں۔

