اسلام آباد:پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں میں9مئی کے دہشت گرد حملے میں15پولیس اہلکار شہیداور4افراد زخمی ہوئے، تحقیقات،شواہد اور تکنیکی انٹیلی جنس سے ثابت ہوا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق بنوں حملے پر افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق اقوام متحدہ اورعالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے اور پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے لیکن افغان طالبان دہشت گرد گروہوں کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام رہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

