شوگر ملز نے 10لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

لاہور: شوگرملز مالکان نے10لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی۔ذرائع وزارت پیداوار کا بتانا ہے کہ شوگرملز مالکان نے 10لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگی ہے اور اس حوالے سے چینی اسٹاک کے اعداد و شمار وزارت کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔

شوگر انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی برآمد کی اجازت ملنے سے ایک ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ برآمد نہ ہونے کی صورت میں ملوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزارتِ پیداوار کے ذرائع کے مطابق حکومت نے واضح کیا ہے کہ شوگر ملز مالکان کو پہلے اس بات کی گارنٹی دینا ہوگی کہ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی، بصورت دیگر برآمد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال7لاکھ ٹن چینی کی برآمد کی اجازت کے بعد ملک میں قیمتیں تیزی سے بڑھ گئی تھیں اور چینی کی فی کلو قیمت120روپے سے بڑھ کر200روپے تک پہنچ گئی تھی۔