اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ساتھ ہی شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں،دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے،دہشت گردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کھڑی ہے۔

