امریکی قبضے میں گئے ایرانی جہاز کا عملہ پاکستان کے راستے وطن واپس پہنچ گیا

اسلام آباد:امریکا کے قبضے میں گئے ایرانی جہاز توسکا کا عملہ پاکستان کے راستے اپنے وطن واپس پہنچ گیا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ایرانی جہاز توسکا کے عملے کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی تصویر بھی جاری کردی۔

اطلاعات ہیں کہ انہیں بلوچستان اور سیستان کے راستے ایران واپس بھیجا گیا، عملے کو گوادر کے گبد رمیدان کراسنگ پوائنٹ کے راستے ایرانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ایرانی عملے کی واپسی کی گوادر کے ڈپٹی کمشنر نے بھی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی بحری جہاز توسکا کے عملے کو ایران منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے جانے والے ایرانی بحری جہاز توسکا کا 22 رکنی عملہ گزشتہ رات بحفاظت پاکستان پہنچ گیا تھا اور انھیں آج ایران منتقل کر دیا جائے گا۔اسحاق ڈار نے اپنے ٹویٹ میں ایرانی عملے کی پاکستان آمد کی بھی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ عملے کو بھیجا جارہا ہے تاہم بحری جہاز کو مرمت کے بعد کمپنی کے حوالے کردیا جائے گا۔

جہاز کی مرمت کے سبب ہی ابھی ایران صرف عملہ پہنچا ہے، توسکا جہاز مرمت کے بعد روانہ ہوگا۔اسحاق ڈار کے مطابق ایرانی بحری جہاز کو بھی ضروری مرمت کے بعد اس کے اصل مالکان کو واپس کرنے کے لیے پاکستانی سمندری حدود میں واپس لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ایرانی اور امریکی حکام کی حمایت سے کیے جا رہے ہیں اور یہ عمل اعتماد سازی کا ایک اہم اقدام ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے لیے تحسین کا اظہار کرتا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بات چیت، سفارت کاری اور ثالثی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔