امریکا ایران جنگ کے دوران حکومت نے عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 180 ارب روپے اینٹھ لیے

پٹرولیم صنوعات پر عائد لیوی کی وصولی میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ جنگ اور کشیدگی کے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران حکومت پاکستان نے عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 180ارب روپے سے زائد وصول کیے ہیں۔

اعداد و شمار کے تحت رواں مالی سال جولائی سے لے کر مڈ اپریل تک مجموعی طور پر 1 ہزار 234 ارب روپے پٹرولیم لیوی کی مد میں اکٹھے کیے گئے ہیں۔

یہ وصولی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریبا 400 ارب روپے زیادہ ہے، جو کہ ملکی تاریخ میں ایک بڑی مالیاتی جست قرار دی جا رہی ہے۔

جولائی میں 157ارب روپے جمع ہوئے جبکہ اگست میں یہ رقم 103 ارب 46 کروڑ روپے رہی، جبلہپ ستمبر کے دوران 112 ارب 85 کروڑ روپے اور اکتوبر میں 143 ارب 48 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی۔نومبر میں 148ارب 36کروڑ روپے جبکہ دسمبر میں اس سال کی سب سے زیادہ ماہانہ وصولی 162 ارب 46کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح جنوری میں 108ارب 76 کروڑ روپے، فروری میں 120 ارب 39کروڑ روپے اور مارچ میں 139 ارب 48کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے جبکہ اپریل کے ابتدائی 15دنوں میں 38ارب روپے جمع کیے جا چکے ہیں۔