اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ رواں سال کے آخر تک ایف آئی اے ایک نئی طرز کا ادارہ بن چکا ہو گا۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایف آئی اے پرفارم کرتا تو نیب نہ بنتا، یہ سارا کام ایف آئی اے کا تھا جو نیب کر رہا ہے، ہم نے ادارہ بنا دیا لیکن پھر مڑ کر نہیں دیکھا کہ ادارے کی حالت کیا ہے، ایک وقت یہ بھی آیا کہ کسی کو سزا دینا ہے تو ایف آئی اے بھیج دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے تمام چھوٹے بڑے دفاتر کی حالت بہتر بنائی جائے گی، آپ کی پروموشن کے درمیان میں جو رکاوٹ ہے وہ خود دور کروں گا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کو سب سے زیادہ کرپشن خراب کرتی ہے، آپ نے وعدہ کرنا ہے کہ کرپشن کو ایف آئی اے سے ختم کرنا ہے، اگر کوئی کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کی معافی نہیں، کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ ایف آئی اے ملازمین کو سہولتوں کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں، ادارے میں ترقیوں میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، پروموشن آپ کا حق ہے، دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ آپ 20ـ20 سال بیٹھے رہیں۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی پروموشن میں جو رکاوٹ حائل ہے اسے خود دور کروں گا۔

