اسٹوریز اب ہر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپ کا ایک لازمی جزو ہے، جس سے صارفین اپنے روزمرہ کے مختلف لمحات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
یہ اسٹوریز 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتی ہیں۔
واٹس ایپ میں اسٹوریز کو اسٹیٹس کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔
اگر آپ واٹس ایپ اسٹیٹس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق اب اسٹیٹس اپ ڈیٹس کو براہ راست چیٹ ٹیب کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
یہ اسٹیٹس کے حوالے سے بہت بڑی تبدیلی ہے اور اس سے آپ کسی بھی ایسے فرد کے اسٹیٹس دیکھ سکیں گے جو کانٹیکٹس میں سیو نہیں ہوگا مگر اسے کبھی میسج کیا ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔
یعنی واٹس ایپ اسٹیٹس اب فیس بک یا انسٹا گرام اسٹوریز کی طرح بن جائیں گے جو چیٹ ٹیب کے اوپر نظر آئیں گے۔
مگر یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ان ایبل نہیں ہوگا بلکہ صارف کو چیٹ لسٹ کو نیچے کرنا ہوگا بالکل جیسے ٹیلیگرام میں اسٹوریز تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے پہلے ان افراد کے اسٹیٹس نظر آئیں گے جن سے زیادہ رابطے میں رہتے ہیں جبکہ دیگر افراد کے اسٹیٹس دیکھنا بھی ممکن ہوگا۔
ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔

