امریکا ایران جنگ بندی، شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی کا ردعمل آگیا

شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کی ایران امریکا جنگ بندی پر پاکستانی قیادت کے کردار کی تعریف، سعودی عرب کے تحمل کو بھی سراہا۔
معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کو وقت کی سب سے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نازک موقع پر مؤثر سفارتی کردار ادا کیا، جو ملک کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ آخری دن ایران کی جانب سے سعودی عرب پر حملہ بلاجواز تھا، تاہم سعودی عرب نے پورے عرصے میں جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ قدر ہے۔ ان کے مطابق یہی برداشت اور ایثار جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں اہم ثابت ہوا۔
مفتی تقی عثمانی نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں آئندہ بھی اسی طرح جاری رہیں گی اور مسلم دنیا میں اتحاد کو فروغ ملے گا۔