حج 2026ء کے مبارک سفر کی پہلی پرواز کا اعلان کر دیا گیا،سردار محمد یوسف نے ریاض پہنچ کر حج 2026کے انتظامات سے متعلق اہم اعلان کر دیا، جس کے مطابق پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز 18اپریل کو سعودی عرب روانہ ہو کر وہاں پہنچے گی۔
ریاض آمد پر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے عہدیداران نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اس سال عازمین کے لیے رہائش، کھانے پینے اور سفری سہولیات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جو سعودی وزارت برائے حج و عمرہ کے تعاون سے ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے کے ذریعے مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز رفتار سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر کے مطابق ایام حج کے دوران منی، مزدلفہ اور عرفات میں بھی عازمین کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ موجودہ عالمی حالات اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حجاج کرام پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، اور حکومت سعودی حکام کے ساتھ مل کر حج آپریشن کو کامیابی سے مکمل کرے گی۔

