طالبان حکومت کے مخالف افغان مزاحمتی اتحاد نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کارروائیوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے افغان عوام کی ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں۔
افغانستان کی عوامی مزاحمتی تحریک نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیا اور طالبان حکومت کے خلاف کی جانے والی فضائی کارروائیوں کی تائید کی ہے۔ اتحاد کے سینئر رہنما فضل احمد مناوی کا کہنا ہے کہ طالبان ایک جابرانہ گروہ ہے اور ان کے خلاف ہونے والی ہر مؤثر کارروائی قابلِ استقبال ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور اس کے عوام کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جو ملک میں امن، استحکام اور عوامی مفاد کے لیے سودمند ہو۔ ان کے بقول ظلم کے خاتمے کو وہ ایک مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں۔
مزاحمتی اتحاد نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ خطے کے تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے تاکہ افغانستان کو ایک پرامن اور مستحکم ریاست کی سمت گامزن کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کی سربراہی سابق شمالی اتحاد کے سربراہ احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود کر رہے ہیں اور وہ اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں۔

