کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک،انٹرامتحانات کب ہونگے؟

کراچی:کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات31مارچ سے لیے جائیں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز15 اپریل سے ہوگا۔

اس بات کی منظوری جمعرات کی دوپہر محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات عید کے بعد31مارچ سے شروع کیے جائیں جبکہ مزید15روز کے وقفے کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں۔

اجلاس میں نیا تعلیمی سیشن 2026/27 ء یکم اپریل سے شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے نتائج یکم جون جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 15 جون تک جاری کر دیے جائیں۔

سندھ میں متعارف کروائے گئے یونیفارم ایکزامینیشن سلیبس پر عمل درآمد فی الحال روک دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعتوں میں یونیفارم ایکزامینیشن سلیبس آئندہ برس 2027 ء کے سالانہ امتحانات سے لاگو ہوگا۔

اجلاس میں موسم گرما اور سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہو سکی اور فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی جبکہ موسم سرما کی 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہی ہوں گی تاہم اگر موسم سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوئی تو اس کے لیے اپریل میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا مزید ایک اور اجلاس بلایاجائے گا۔

اجلاس میں جب موسم سرما کی تعطیلات میں تبدیلی پر بات شروع ہوئی تو کیمبرج اسکول کے نمائندوں نے اس مجوزہ تبدیلی کی مخالفت کی اور کہا کہ ہماری چھٹیاں انٹرنیشنلی ہوتی ہیں لہذا اسے تبدیل نا کیا جائے اس نکتے کے بعد اس بحث کو ختم کردیاگیا۔