جو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے اس کے بارے میں حکومت ضرور سوچے گی، طلال چودھری

اسلام آباد : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ جو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے اس کے بارے میں حکومت ضرور سوچے گی، پی ٹی آئی نے جو اقدامات کیے ہیں وہ ملک کے خلاف ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ 20 سے 25 سال پہلے بہت سارے لوگوں نے اس کے بارے میں کہہ دیا تھا کہ یہ پلانٹڈ شخص ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہر ادارے کو متنازع کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی سیاسی جماعت کے زمرے میں نہیں آتی۔
طلال چودھری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے بھی اپنے بانی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، بانی پی ٹی آئی بھی وہی سب کچھ کر رہے ہیں جو بانی ایم کیو ایم کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں پر حملہ کیا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی تو رشتہ ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے آج تک اسرائیل کے خلاف ایک بات تک نہیں کی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز نیا عہدہ ہے اس کے لیے درکار تیاریوں کی وجہ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نئی تعیناتی میں تاخیر ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان تعلقات ذات نہیں بلکہ اصول پر مبنی ہیں۔