پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 3 اہم معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد : پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے، بینک سڑکوں اور پانی کے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر چھ کروڑ اٹھارہ لاکھ ڈالر دے گا۔
ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ایم ایل ون کراچی تا روہڑی سیکشن کیلئے ریڈینیس فنانسنگ پر دستخط ہوئے ہیں۔ کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کیلئے پراجیکٹ ریڈینیس فنانسنگ پر دستخط ہوئے۔
بلوچستان واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ سیکٹر منصوبے کیلئے اضافی فنانسنگ پر دستخط کیے گئے۔ ترجمان اقتصادی امور کے مطابق منصوبوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے دستخط کیے جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدوں پر دستخط کئے۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے کہا کہ اہم منصوبوں پر معاونت کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے منصوبوں کیلئے مضبوط عزم پر حکومت پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق اے ڈی بی تینوں منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر چھ کروڑ اٹھارہ لاکھ ڈالر دے گا۔ ایم ایل کراچی روہڑی منصوبے کیلئے ایک کروڑ ڈالر شامل ہیں۔ کوئٹہ بی آر ٹی منصوبے کیلئے اڑتیس لاکھ ڈالر دیئیجائیں گے، جبکہ بلوچستان واٹر پراجیکٹ کیلئے اے ڈی بی چار کروڑ اسی لاکھ ڈالر دے گا۔