200 یونٹ تک بجلی سبسڈی ختم، پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو تحریری یقین دہانی کراتے ہوئے بجلی سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے۔

8 ماہ میں نیا نظام متعارف کروایا جائے گا جس کے تحت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو دی جانے والی عمومی سبسڈی ختم کر کے جنوری 2027 سے ہدفی (ٹارگٹڈ) سبسڈی متعارف کرائی جائے گی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر صرف مستحق صارفین کو فراہم کی جائے گی، جس سے سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔

حکومت اس مقصد کے لیے نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (این ایس ای آر) کے ساتھ بجلی صارفین کو منسلک کرنے کا نظام تیار کر رہی ہے، جس میں عالمی بینک کا تعاون بھی حاصل ہوگا، جبکہ سبسڈی کی ادائیگی کے لیے ایک بیرونی فرم کے ذریعے مؤثر میکانزم وضع کیا جائے گا۔