کراچی میں ایک اور نادرا میگا سینٹر کے قیام کا فیصلہ

کراچی:کراچی میں عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے نادرا نے ضلع ملیر میں چھٹا میگا سینٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

نادرا اور ماڈل کالونی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (TMC) کے درمیان ملیر کی ماڈل کالونی میں ڈیڑھ ایکڑ کی جگہ پر نئے رجسٹریشن سینٹر کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

جدید میگا سینٹر کورنگی اور ملیر کے 60 لاکھ افراد کو ایک ہی چھت تلے سہولت فراہم کرے گا۔ میگا سینٹر میں30 کاؤنٹر ہوں گے اور یہ روزانہ 3 ہزار سے زیادہ شہریوں کوسہولت فراہم کرے گا۔

ماڈل ٹاؤن کے چیئرمین ظفر احمد خان نے کہا کہ منصوبے کے لیے ڈیڑھ ایکڑ اراضی فراہم کر دی گئی اور میگا سنٹر 8 ماہ میں فعال ہو جائے گا جہاں سی این آئی سی، بے فارم، اسلحہ لائسنس اور دیگر ضروری خدمات فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب، نادرا کے ڈائریکٹر جنرل اور ریجنل ہیڈ آفس عامر علی خان نے کہا کہ آج کا دن شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ماڈل کالونی میں میگا سینٹر کراچی میں نادرا کا چھٹا بڑا سینٹر ہوگا جسے ایک سال کے اندر مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔