سندھ میں کرپشن بڑا کاروبار،ایم کیو ایم عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے،حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ میئر کراچی نے سارے ادارے اپنے قبضے میں کر رکھے ہیں۔کراچی میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بی آر ٹی کے نام پر شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں کرپشن بڑا کاروبار بن چکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی آر ٹی پروجیکٹ ختم کیا جائے، یونیورسٹی روڈ کو بحال کیا جائے۔

فرضی ڈاکومنٹس پر گلشن اقبال میں گھروں پر قبضہ کیا جارہا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ کسی بھی شہری کے گھر پر کوئی قبضہ کرے گا تو جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی، کراچی کی زمینوں پر قبضہ کے خلاف جماعت اسلامی نے سیل بنا دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ زمینوں پر قبضے کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔ پاکستان میں ہر جگہ قبضہ ہوتا ہے، کسانوں، ہاریوں کی زمین پر قبضہ کر لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دریائے راوی کے کنارے جعلی سوسائٹیاں بنی ہوئی ہیں، جعلی سوسائٹیاں بنتی ہیں، دریاؤں کے راستوں پر قبضہ کر لیا جاتا ہے، زمین پر قبضے کے خلاف جدوجہد بدل دو نظام کا اہم حصہ ہو گا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نورا کشتی لڑتی ہے، عوام کو بے وقوف بناتی ہے۔ کے ڈی اے، ایل ڈی اے، ایم ڈی اے پر جب قبضہ ہو رہا تھا ایم کیو ایم ان کے ساتھ کھڑی تھی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ قبضہ گیروں کے خلاف مزاحمت کی جائے گی، کوئی اس شہر کا پرسان حال نہیں، حالات کی ذمے داری حکومت پر ہے، کراچی کے شہریوں کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی زمین پر قبضہ کیا جاتا ہے۔

ایک ہزار ارب روپے کراچی کو ملنے چاہیے تھت، مصطفی کمال کے دور میں یہ شق ختم کی گئی، ایم کیو ایم اس وقت حکومت کا حصہ تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ بچے گٹر میں گر رہے ہیں، مر رہے ہیں، انفرا اسٹرکچرتباہ حال ہے، ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔