ملکی تاریخ میں پہلی بار: اے لیول ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے پر منسوخ

کراچی:کیمبرج انتظامیہ نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اے لیول کا ریاضی کا آؤٹ پرچہ منسوخ کردیا، 9 جون کو یہ امتحان دوبارہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 29 اپریل کو کیمبرج انتظامی زون 3 اور 4 میں لیے گئے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس کے سوالیہ پرچے (9709/12) کے حوالے سے تازہ اطلاع سامنے آئی ہے۔

کیمبرج انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ سوالیہ پرچہ امتحانی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت سے پہلے شیئر کر دیا گیا تھا، تفصیلی جائزے کے بعد اس شیئرنگ کی نوعیت اور حد ایسی ہے کہ ہم اس پرچے کو حتمی امتحانی نتائج دینے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے اس لیے میتھمیٹکس (9709/12) کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ پرچہ امتحانی نتائج کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔

کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ متاثرہ طلبہ، ان کے خاندانوں اور اسکولوں کے لیے نہایت مایوس کن اور پریشان کن ہے، اس امتحانی پرچے کی چوری اور غیر مجاز شیئرنگ اب بھی ایک فعال تحقیقات کا حصہ ہے، ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو خفیہ امتحانی مواد شیئر کرنے یا غلط استعمال کے مرتکب پائے جائیں گے، اس کیمبرج کی تمام اسناد اور سرگرمیوں سے مستقل نااہلی بھی شامل ہے، دیگر امتحانی بورڈز کی طرح، ہمیں بھی اکثر مبینہ امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں، جن میں سے زیادہ تر جھوٹی ہوتی ہیں۔

کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ اطلاعات اکثر ایسے دھوکے بازوں کی طرف سے پھیلائی جاتی ہیں جو طلبہ کو مالی طور پر دھوکا دینے کے لیے پرچے فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، ہم سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر ایسے مواد کی نگرانی کرتے ہیں جو سوالیہ پرچے شیئر یا فروخت کرنے کی پیشکش کرتے ہوں اور پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر ایسے مواد کو ہٹانے کے لیے سرگرم رہتے ہیں۔

کیمبرج انتظامیہ کے مطابق ہماری تحقیقات کے حصے کے طور پر کیمبرج کے سینئر امتحانی ماہرین نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے تمام امیدواروں سے میتھمیٹکس (9709/12) کا نیا ورژن دوبارہ لیا جائے گا، متبادل پرچہ طلبہ کے لیے منصفانہ نتائج کو یقینی بنائے گا اور ایسی گریڈنگ فراہم کرے گا جس پر جامعات اور دیگر متعلقہ ادارے اعتماد کر سکیں، میتھمیٹکس (9709/12) کا متبادل پرچہ منگل 9 جون 2026 کو جون سیریز کے ٹائم ٹیبل کے تحت لیا جائے گا، امیدواروں یا اسکولوں کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں ہوگی،
کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول کے نتائج کی تاریخ، 11 اگست 2026، بدستور برقرار رہے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے 15 مئی تک تفصیلی معلومات فراہم کریں گے، تفصیلات میں سوالیہ پرچے کب اور کیسے موصول ہوں گے، متبادل امتحان منعقد کرنے کے لیے کن اقدامات پر عمل کرنا ہوگا، اور اکثر پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات بھی فراہم کیے جائیں گے، اس میں جون 2026ء سے دست برداری اور نومبر 2026 کے اندراجات سے متعلق معلومات بھی شامل ہوں گی۔