اسلام آباد / پشاور : خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی تیاریاں جاری ہیں، کئی نام سامنے آ گئے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نئے گورنر خیبرپختونخوا کے لیے 6 نام زیر غور ہیں، زیر غور ناموں میں تین سیاسی شخصیات اور تین سابق فوجی افسران شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر کے لیے امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیرپاؤ، پرویز خٹک، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام زیر غور ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان سابق آئی جی ایف سی رہ چکے ہیں جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی سابق کور کمانڈر پشاور رہ چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے پر غور شروع کردیا گیا، گورنر راج کے لیے فیصل کریم کنڈی کو رکھنے یا ان کی جگہ نیا گورنر لانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی بھی بدستور پہلی چوائس کے طور پر موجود ہیں۔ گورنر کی تبدیلی صوبے میں گورنر راج کے نفاذ یا صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی پالیسی کے تحت ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب عہدے سے ہٹانے کی خبروں پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ردعمل سامنے آگیا۔ دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی خبروں پر موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق انہیں کوئی اطلاع نہیں ملی۔
صحافیوں سے گفتگو میں گورنر نے کہا کہ اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ پارٹی جس بھی فیصلے پر پہنچے گی، وہ اسے قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی کارکن ہیں اور قیادت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔

