لاہور میں پانچ ماڈل سڑکوں پر چنگ چی رکشوں پر پابندی لگادی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سفر محفوظ اور آسان بنانے کے لیے پنجاب میں ٹریفک مینجمنٹ میں 60 سال بعد پہلی بار 20 بڑے اصلاحی اقدامات کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بھر میں بس کی چھت پر سواریاں ختم،کریک ڈاؤن کا حکم ، لاہور کی پانچ ماڈل سڑکوں پر چنگ چی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ٹریفک کے جدید نظام کی منصوبہ بندی، روڈ سیفٹی اور نظم و نسق پر تفصیلی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں کسی بھی گاڑی کا بار بار چالان ہوگا تو گاڑی نیلام ہوگی ، سرکاری گاڑی قانون سے بالاتر نہیں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑیوں کو بھاری جرمانہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ون وے کی خلاف ورزی ختم کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دے دی، یوٹرن کی ری ماڈلنگ سے سڑکیں محفوظ اور منظم بنانے کی ہدایت کی، حادثات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو دیت فوری طور پر فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔فیصلہ کیا گیا کہ مناسب پارکنگ نہیں ہوگی تو میرج ہال بھی نہیں ہوگا،میرج ہال کو پارکنگ کا انتظام کرنا ہوگا، پنجاب میں کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ ختم کرنے کے لیے سخت فیصلہ کن کریک ڈؤان ہوگا، انڈر ایج ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی مالک کو 6ماہ تک قید بھی ہوسکتی ہے۔

ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور میں خصوصی بچوں کے مرکز کے دورے کے دوران بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ مریم نواز نے گزشتہ روز لاہور میں خصوصی بچوں کے مرکز کا دورہ کیا جس دوران وزیراعلی پنجاب نے خصوصی بچوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔وائرل ویڈیو میں مریم نواز کو خصوصی بچوں سے گفتگو کرتے اور ان کے ساتھ تصاویر بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایکس پر جاری پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ الحمدللہ ! ایک سال سے بھی کم عرصے میں ہم نے پنجاب کے ہر ضلع میں ایک سینٹر آف ایکسیلنس فار اسپیشل ایجوکیشن قائم کیا، جس میں سے آج مجھے ایک کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے اسکول میل پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا ہے، اس پروگرام کے تحت303 اسکولوں کے تمام 45 ہزار بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ ان شاندار بچوں کے ساتھ وقت گزارنا اور ذاتی طور پر تھراپی رومز، اسمارٹ کلاس رومز، بریل سیکھنے کی سہولیات اور ان کے خوبصورت فن پاروں کا جائزہ لینا ایک یادگار تجربہ تھا، یہ بچے ہمت اور قابلیت کی روشن مثالیں ہیں۔