نارووال:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف قوتیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ذریعے حملہ آور ہیں۔
احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال کے بلوچ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ آپ نے یونیورسٹی آف نارووال کا انتخاب کیا، ہمارے لیے آپ کی حیثیت طالب علم کے ساتھ ایک مہمان کی ہے کہ آپ بلوچستان سے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک اہم اور حساس صوبہ ہے، پاکستان کے خلاف قوتیں کے پی کے اور بلوچستان کے ذریعے ہم پر حملہ اور ہیں، پاکستان کی ترقی بلوچستان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، بلوچستان میں بدامنی میں شدت اس وجہ سے ہے کہ حکومت نے بلوچستان میں ترقی کے منصوبوں پر عمل شروع کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی معدنیات ہیں، معدنیات کی ترقی کے لیے جب ہم نے قدم اٹھائے تو ادھر سے شدت پسندی شروع ہو گئی، شدت پسندوں کی نظریں ان معدنیات پر ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اس علاقے کو وہ اپنی دسترس میں لے کر آئیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج کے دور میں جنگ کا پہلا زینہ بیانیہ کی جنگ ہے، گولی کی جنگ آخر میں ہوتی ہے، پہلے کوشش ہوتی ہے کہ بیانیے کے ذریعے لوگوں میں انتشار پیدا کرو، شدت پسندی کا طریقہ ہے کہ لوگوں میں بد اعتمادی پیدا کرو، ان کو آپس میں لڑاؤ۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی معاشرے میں عدم استحکام آتا ہے تو وہ خود بخود اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیزوں سے باخبر ر ہیں، آج دنیا میں سوشل میڈیا پر فیک نیوز سے آگ لگا دی جاتی ہے، ہم نے جب سی پیک شروع کیا اس کے خلاف منظم طور پر مہم چلائی گئی۔

