بے اختیار لوگوں سے مذاکرات بے فائدہ،عمران سے ملنے کیلئے احتجاج کرونگا،وزیراعلیٰ کے پی

پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بے اختیار لوگوں سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،اگر تمام پارٹیوں کیلئے ایک جیسی لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کریں گے تو حالات بہتر ہوجائیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کی، چیف جسٹس کو خط لکھا، ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی لیکن اب میرے پاس لیڈر سے ملنے کیلئے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ وفاقی حکومت کے ہر وار کا توڑ میرے پاس ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی لیکن وفاقی حکومت کے پاس اس کا اختیار نہیں ہے، اڈیالہ صرف بات کرنے جا رہا ہوں، کبھی ایف آئی اے تو کبھی الیکشن کمیشن کا نوٹس آجاتا ہے، الیکشن کمیشن نے مجھے جلسے کے بعد طلب کرلیا لیکن یہی الیکشن کمیشن مریم نواز کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیتا۔

لاہور میں ضمنی الیکشن کے دور ان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وہاں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے، الیکشن کمیشن سب کو ایک نظرسے دیکھے۔

دریں اثنائخیبرپختونخوا حکومت نے اسپیشل برانچ کو باقاعدہ اسپیشلائزڈ یونٹ/ علیحدہ کیڈر کے طور پر قائم کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت پولیس کی اسپیشل برانچ سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپیشل برانچ کے اہلکار انٹیلی جنس، سیکورٹی، ویریفیکیشن، سروے اور سرویلنس کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں، ضم شدہ قبائلی اضلاع کے 308 اہلکاروں کو بھی اسپیشل برانچ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اجلاس میں اسپیشل برانچ میں 1221 اہلکاروں کی اسامیاں تخلیق کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ اسپیشل برانچ کو درکار تمام ہیومن ریسورس اور دیگر وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے انفرااسٹرکچر کیلئے 1820 ملین اور موٹر وہیکلز کیلئے 904.7 ملین روپے بھی منظور کئے، اسپیشل برانچ کو درکار 98 گاڑیاں اور 404 موٹر سائیکلیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی، ٹیکنیکل آلات اور ٹیکنالوجی کی خریداری کے لئے 2543.9 ملین روپے فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشل برانچ کو انٹیلی جنس اور انسدادِ دہشت گردی کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،صوبے بھر میں اسپیشل برانچ کیلئے نئی عمارتوں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔