بنوں میں کارروائیاں،17دہشت گرد ہلاک،2شہری شہید

پشاور/راولپنڈی/اسلام آباد:خیبر پختونخوا میں پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران3اہم کمانڈروں سمیت فتنہ الخوارج کے17دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز میںمتعدددہشت گرد زخمی ہوئے۔ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن برآمد ہوا جب کہ فتنہ الخوارج کی مقامی کمانڈ پر بھی کاری ضرب لگی جس میں اہم کمانڈرز ہلاک کردیے گئے۔

واضح رہے کہ تمام کارروائیوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی نفری محفوظ رہی جب کہ اہل علاقہ کا بھی ان آپریشنز میں بھرپور تعاون بھی حاصل رہا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں فتنہ الخوارج کے جتھوں کی موجودگی پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں10خارجی جہنم واصل ہوئے اور5زخمی ہو گئے، کارروائی میں ایک سہولت کار کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

ہلاک7دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ3کی لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے نکالی نہیں جا سکیں،ہلاک دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کے کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں جو پولیس اور سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔

دوسری جانب نصر خیل کے علاقے میں بھی لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا جہاں اہل علاقہ نے بھی اپنے محافظوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھا لئے ہیں۔

ادھر بنوں کے علاقے ہوید میں بھی پولیس اور امن کمیٹیوں کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔اس کے علاوہ بنوں کے علاقے ڈومیل ہلال چوک میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیچھا کرنے والی سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے کے بعد دہشت گردوں نے قریبی گھر میں پناہ لے لی تھی، اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی اور دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی گئی۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مزاحمت کرنے والے2شہری شہید ہوگئے، تاہم فورسز نے دہشت گردوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا،8 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران جوابی کارروائی میں6دہشت گرد مارے گئے، جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں،متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولا بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے نام سے ہوگئی ہے جب کہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز اور دہشت گردوں پر کاری ضرب لگانے پر خصوصی شاباش دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کردیں گے،دہشت گردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں صدرمملکت آصف علی زر داری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم منظم دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔