بنوں: امن کمیٹی کے دفتر پر خارجیوں کا حملہ، 7 بے گناہ شہری شہید

بنوں : بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے امن کمیٹی کے دفتر پر رات گئے حملہ کیا، حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مسلح افراد نے حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، مقتولین میں دانش، کامران، ولی اللہ، سفیان، محمد نیاز، نعمان اور سفیان شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنة الخوارج کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف اور محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کے لیے ایسی بزدلانہ کاروائیاں، فتنة الخوارج کے پاکستان میں بد امنی کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ کاروائیاں کسی قیمت پاکستانیوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں، ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے پوری قوم متحد ہے۔