خارجیوں سے بڑی تعداد میں امریکی اور نیٹو کا استعمال شدہ اسلحہ برآمد

پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں سے افغانستان میں استعمال ہونے والا امریکی اور نیٹو افواج کا اسلحہ برآمد کرلیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسزکی جانب سے یہ کارروائیاں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کی گئیں، اس دوران دہشت گردوں سے افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کا استعمال شدہ اسلحہ برآمد کیا جو میڈیا کے سامنے بھی پیش کردیاگیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ اسلحہ دہشتگردوں سے پچھلے کچھ مختلف آپریشنز میں برآمد کیا جن میں ایم 4، ایم 16 اور دیگرخود کار جدید اسلحے سمیت نائٹ وڑن گاگلز اور دیگر جدید آلات برآمد کیے گئے جب کہ اسلحے میں امریکی فوج اور نیٹو کے زیر استعمال اعلیٰ کوالٹی کا دھماکا خیز مواد اور تاریں بھی شامل ہیں۔

فتنہ الخوارج ان امریکی ہتھیاروں کے ذریعے فاصلے سے پاک افواج کو رات میں بھی نشانہ بنا سکتے ہیں، ان امریکی ہتھیاروں میں سٹیل ہیڈ گولیاں بھی شامل ہیں جو کہ بلٹ پروف جیکٹ میں سے بھی گزرسکتی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے وقت یہ اسلحہ چھوڑ دیا گیا تھا اور دہشتگرد یہ اسلحہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں جب کہ امریکی ہتھیاروں پر صاف لکھا ہے کہ وہ امریکی حکومت کی ملکیت ہیں۔