بھارت کوزوردار تھپڑرسید،امریکا معترف،معاشی میدان بھی فتح کرینگے،وزیراعظم

باغ:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے 4 روزہ جنگ میں بھارت کو زوردار تھپڑ رسید کیا، پاکستان کو معاشی میدان میں بھی جلد فتح نصیب ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر کے شہر ہاڑی گہل باغ میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے کہا پاکستان نے بھارت کے 7نئے نکور جہاز گرائے، امریکی کانگرس کی رپورٹ نے جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر مہر ثابت کردی،امریکی صدر متعدد بار بھارت کے طیارے گرانے کا ذکر کر چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا، افواجِ پاکستان کے جوانوں کی بہادری ،شاہینوں کی شاندار کارکردگی اوربری افواج نے الفتح میزائل ہندوستان کے اندر جاکر داغے، چار روز کی جنگ میں ہندوستان کی فوج گھٹنوں کے بل گری۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی شاندار قیادت نے جنگ میں اہم کردارادا کیا، فیلڈ مارشل نے بلاخوف ہوکر میرے ساتھ مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے، ہم معاشی میدان میں بھی دن رات محنت کررہے ہیں، پاکستان کو معاشی میدان میں بھی جلد فتح نصیب ہوگی۔

ان کا دانش اسکول کے متعلق کہنا تھا کہ آج باغ دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہوئی، دانش اسکولوں کا سفر صوبہ پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں دانش گاہیں ترقی کے ساتھ پھیل رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو ٹاسک دیا ہے کہ 23مارچ 2026ء کو باغ میں دانش اسکول کا افتتاح کریں گے، وادی نیلم میں بھی دانش اسکول کا سنگ بنیادرکھا جائے گا، یہ وہ دانش گاہیں ہیں جن کا مقابلہ کسی بھی اچھی تعلیم گاہ سے کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں میں ڈیجیٹل لائبریریز، اسمارٹ بورڈ اوربہترین کھیل کے میدان موجود ہیں، بدقسمتی سے تعمیر وترقی کے راستے بند تھے،اب تعمیروترقی کے راستے دانش گاہوں نے کھول دیے ہیں، دانش اسکولوں میں کوئی داخلہ اورتقرری میرٹ کے بغیر نہیں ہوتی، بچوں کو میرٹ پر مفت تعلیم مل رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزادکشمیر کی کمیٹی اورحکومت پاکستان کے وفد کے درمیان جو فیصلے ہوئے اس پر پوری طرح عمل پیرا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور اپنے ساتھیوں سے مل کر گورننس کا ایسا معیار بنائیں کہ پورے آزادکشمیر میں اس کی خوشبو پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھی آزادی چاہئے، پاکستان سفارتی سطح پر تب تک آواز بلند کرتا رہے گا جب تک کشمیریوں کو حقوق نہیں مل جاتے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاک افواج سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتی ہیں، وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم شہبازشریف کی سرپرستی میں وعدے پر عملدر آمد کرائیں گے۔

وزیراعظم نے کشمیر کا دورہ دانش اسکول کا تحفہ دینے سے کیا، وزیراعظم پنجاب میں شہبازاسپیڈ کے نام سے مشہور رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آزاد کشمیر سے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہے ۔

جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طلبہ کو ایسے موقع کی تلاش تھی کہ وزیراعظم ملک کے کونے کونے میں دانش اسکولوں کے قیام کا خواب پورا کر رہے ہیں۔

دانش اسکولوں کے قیام کا یہ اقدام تاریخ کا حصہ بنے گا، وزیراعظم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، دنیا کے کسی کونے میں بھی جائیں پاکستا ن کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، وزیراعظم نے دنیا میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا اور آج پوری دنیا ہماری کامیابیوں کی معترف ہے۔

اس موقع پروفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ جس وژن کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف نے خادم پنجاب کی حیثیت سے کیا تھا ،آج اس کی تکمیل ہو رہی ہے، اس تعلیمی درسگاہ کے ذریعے وزیراعظم نے ملک کے بچوں کیلئے جو خواب دیکھا وہ حقیقت بن کر پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا جس کے ذریعے میرٹ پر لاکھوں غریب طلبا و طالبات کو تعلیم کی سہولت میسر آئی اور وہ دنیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں تک پہنچے، آئندہ دور ٹیکنالوجی، علم اور برین پاور کا ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے اڑان پاکستان جیسے منصوبے طلبا کیلئے فائدہ مند ہیں۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مستحق اور ہونہار طلبا کی زندگیاں بنانے کا خواب آج پورا ہو رہا ہے، دانش اسکول پراجیکٹ بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے شہبازشریف نے 2010 ء میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب دانش اسکول کی بنیاد رکھی، پنجاب دانش اتھارٹی کو پاکستان دانش اتھارٹی بنا دیا ہے اور اب ہاڑی گہل باغ میں دانش اسکول بننے جا رہا ہے۔