کے پی،فورسز کارروائیوں میں30دہشتگردہلاک(پولیس پر حملہ،2اہلکار شہید)

راولپنڈی:سیکورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے ضلع کرم،مہمند اور لکی مروت میں کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنة الخوارج کے 30 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور خوارج کی پوزیشن کو مؤثرانداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنة الخوارج کے 23 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم میں ایک کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک ہوئے جب کہ خفیہ اطلاع پر دوسری کارروائی میں 11 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں کارروائیوں میں فتنہ خوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، لکی مروت فائرنگ کے تبادلے میں 2 جب کہ ٹانک میں میں ایک خارجی دہشت گرد کو ہلا ک کیاگیا۔

کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ادھرڈی آئی خان میں پولیس کی بکتربندگاڑی پر حملے میں2 اہلکار شہید ہوگئے۔ ڈی پی او سجاد احمد کے مطابق ڈی آئی خان میں ہتھالہ گلوٹی روڈ پر گاؤں ملنگ کے قریب دہشت گردوں نے پولیس کی بکتربندگاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں2پولیس اہلکار شہید اور4 زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ شہید اہلکاروں میں ڈرائیور محمدرمضان اور کانسٹیبل سیف الرحمان شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق زخمی اہلکاروں میں حوالدار شاہد،کانسٹیبل محبوب عالم، آصف اورکفایت شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔