کے پی میں فورسز کی کارروائیاں،4دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی:خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنة الخوارج کے4دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں17اور18نومبرکے دوران ہوئیں جن میں بھارتی پراکسی فتنة الخوارج کے4دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیااورخوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خوارجی کو ہلاک کیاگیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں اسپن وام اور ذاکرخیل میں بھی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسپن وام اور ذاکرخیل کی کارروائیوں میں2مزید خوارج ہلاک کیے گئے۔اس کے علاوہ سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور خوارجی کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم ان ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا یہ خوارج ان علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی پشت پناہ یافتہ خوارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔