صارفین کیلئے اچھی خبر، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان

اسلام آ باد : بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر، آئندہ ماہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے ) نے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ یہ درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اکتوبر کے مہینے کیلئے کی گئی ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (یپرا) سی پی پی اے کی درخواست پر 27 نومبر کو سماعت کرے گا، جس میں قیمتوں میں کمی سے متعلق درخواست پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔توانائی حکام کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین کو آئندہ ماہ بجلی بلوں میں ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی نومبر 2025 کیلئے ری گیسیفائیڈ لیکوئیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے معمولی ردوبدل کیا ہے جس کا اطلاق یکم نومبر 2025 سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کیلئے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (اکتوبر 2025 ) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.39فیصد یا0.1696ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کیلئے قیمتوں میں 0.2216 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا1.97فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔