صوبے بنانے کے قانون میں بھی ترمیم ہوسکتی ہے،مصطفیٰ کمال

کراچی/اسلام آباد:ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صوبے بنانے کے قانون میں بھی آئینی ترمیم ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعلیٰ کچرا اٹھانے کے ذمہ داربنے ہوئے ہیں، کون سی صوبائی حکومت یہ کام کرتی ہے؟ اس سال سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے 2400 ارب روپے ملے ہیں جس میں سے کراچی کو 800 ارب روپے ملنے چاہیے تھے مگر 100 ارب بھی نہیں ملے، وفاق کہتا ہے سارے پیسے وزیراعلیٰ کو دے دیے، جائیں وزیراعلیٰ سے لیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا پیپلز پارٹی کہتی تھی زرعی ٹیکس نہیں لگنا چاہیے، آئی ایم ایف نے کان پکڑ کر زرعی ٹیکس لگانے کاکہا تو زرداری صاحب نے پھر اعلان کیا۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ نئے صوبے کی بات اس وقت کرتے ہیں جب ہمیں حقوق نہیں دیے جاتے۔

دریں اثناء اسلام آباد میںوفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے خسرہ و روبیلا ویکسین مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی اداروں کے تعاون سے حکومت کو آسانیاں ملتی ہیں،عالمی اداروں کے تعاون پر مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے بڑی آبادی والے ممالک میں شامل ہیں، بیماریوں سے بچوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہوتی ہیں، ویکسین سے ہم ان کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔

خسرہ اور روبیلا کی بیماری لاحق ہونے سے بچے اندھے اور دماغی مفلوج ہوسکتے ہیں،والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں، دنیا میں کینسر سے بچنے کی ویکیسن دریافت ہوگئی ہے۔

آئندہ 10 سال میں کوئی شخص دنیا میں کوئی بھی کینسر سے نہیں مرے گا، پاکستان میں ویکسین ہونے کے باوجود بھی لوگ کینسر سے مررہے ہوں گے، پاکستان میں کینسر کی ویکسین پر حلال اور حرام یا یہودی سازش کے سوال اٹھ رہے ہوں گے۔

دنیا بھر میں 55 بیماریوں کی ویکسین لگائی جاتی ہے، پاکستان میں صرف 13 ویکسین لگائی جاتی ہیں مزید ویکیسن میں وقت لگے گا، خسرہ روبیلا کی ویکسین کی عالمی سطح پر تحقیق ہے یہ محفوظ ویکسین ہے۔

خسرہ ویکسن ہر گلی محلے میں مفت دستیاب ہے، اہل محلہ بھی ویکسین ٹیموں سے تعاون کریں، کسی کو بیماری سے بچانا نیکی ہے، اگر کوئی ایسی بیماری میں دنیا سے چلا گیا جس کا علاج ممکن ہے تو یہ فرض میں غفلت ہے۔

سرکاری وسائل ہونے کے باوجود ہم اسپتالوں میں مریضوں کا علاج نہیں کرپاتے، اسپتالوں میں رش بڑھ رہا یے، ڈاکٹر کی باری آنے میں گھنٹوں لگتے ہیں، ہم نے لوگوں کو ترغیب دینی ہے کہ بیماریوں سے محفوظ رہنے کے طریقے اپنائیں، لوگ صحت مند طرز زندگی اپنائیں تاکہ بیماریوں سے دور رہیں۔