بورے والا : پنجاب کالج بورے والا میں ہاتھ سے لکھے دنیا کے سب سے بڑے قرآنِ مجید معہ ترجمہ کی دو روزہ زیارت کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں طلبہ،والدین،علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پیر سید امتیاز حیدر کے ہاتھ سے لکھا گیا یہ منفرد قرآنِ مجید 31 صفحات کے ساتھ 41 فٹ چوڑائی اور 8 فٹ لمبائی پر مشتمل ہے،اس عظیم الشان کام کے حوالے سے پیر سید امتیاز حیدر کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد قرآنِ مجید کی عظمت،محبت اور اس کے پیغام کو دنیا کے سامنے نمایاں کرنا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو قرآن سے جوڑنے اور اس کی اہمیت اجاگر کرنے میں مدد ملے۔
افتتاح کے بعد شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد زیارت کے لیے پہنچتی رہی ۔ لوگوں نے اس عظیم الشان ہاتھ سے لکھے قرآنی نمائش کو ایمان افروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے سائز میں قرآنِ مجید کو دیکھنا روح پرور تجربہ ہے ، شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ کاوش نہ صرف اسلامی ورثے سے محبت کی علامت ہے بلکہ نئی نسل کے لیے بڑے فخر اور رہنمائی کا باعث بھی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے کہا کہ اس طرح کی اسلامی سرگرمیاں نوجوانوں میں دینی وابستگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں تحصیل انتظامیہ کی جانب سے اس نیک اور عظیم الشان مقصد کے لیے تمام خدمات حاضر ہیں،دو روزہ زیارت 18 اور 19 نومبر کو روزانہ 3 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گی، جس میں شہریوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔

