صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کرلیے

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے دونوں مستعفی ججز کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے دونوں ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے گزشتہ روز 27 ویں آئینی ترمیم کو آئین کا حصہ بن جانے کے خلاف اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا تھا۔
دوسری جانبجسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفوں کے معاملے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ساتھی ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو استعفی دینے سے روکنے کے لیے قائل کرتے رہے تاہم وہ نہیں مانے۔ اس سلسلے میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے گزشتہ رات ساتھی ججز سے ان کے چیمبرز میں جاکر الوداعی ملاقاتیں کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ججز کو استعفا نہ دینے کا ساتھی ججز نے مشورہ بھی دیا۔ ساتھی ججز آخری وقت تک دونوں ججز (جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ) کو مستعفی نہ ہونے پر قائل کرتے رہے۔ بعد ازاں دونوں ججز نے ساتھی ججز سے ان کے چیمبرز میں ملاقاتیں کرکے استعفا دیا اور سپریم کورٹ سے روانہ ہو گئے۔