ریڈیوپاکستان پر9 مئی کو حملہ، وزیراعلیٰ کے پی کا تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ریڈیوپاکستان پشاور پر9 مئی حملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے ریڈیوپاکستان پر9 مئی حملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کمیشن سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہدجمع کرکے رپورٹ کابینہ کوپیش کرے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ سودسے پاک خیبرپختونخوا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہم خیبرپختونخوا کو سود کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے پالیسی بنارہے ہیں، اسلامک انویسٹمنٹ متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کی متفقہ قراردادہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ناروا سلوک ہورہا ہے، 4.5 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ کو اپنے لیڈر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے پالیسی گائیڈ لائنز لینا چاہتا ہوں، بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کوذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت کے تمام اقدامات اوراصلاحات منتخب نمائندوں کی مشاورت سے کی جائیں گی، سیاسی اختلافات اپنی جگہ امن کا حصول سب کا مشترکہ ہدف ہے، صوبائی حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرسختی سے عمل کرے گی، حکومتی فنڈز پر کسی کو بھی ذاتی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔