وزیر ستان میں حملے سے 6پولیس اہلکار زخمی،باجوڑ میں دہشت گرد ہلاک

پشاور:باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں پی ٹی آئی اور اے این پی رہنما کے قتل میں ملوث دہشت گرد مارا گیا۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں کوثر کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گرد ضیاء الدین عرف ابراہیم ادریس مارا گیا، دہشت گرد ضیاء الدین متعدد ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

دہشت گرد پی ٹی آئی رہنما ریحان زیب، اے این پی کے مولانا خان زیب، ڈپٹی کمشنر ناوگئی اور جے یو آئی کے ارکان کے قتل میں بھی شامل تھا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد نے متعدد پولیس اہلکاروں کو بھی قتل کیا، دہشت گرد ضیاء الدین طالبان کے کابل پر قبضے سے قبل افغان جیل میں قید تھا، طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گرد ضیاء الدین کو رہا کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ڈی پی او کے سکواڈ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملہ میران شاہ روڈ پر بنوں ممش خیل کے علاقے میں کیا گیا۔

ڈی ایس پی قدرت اللہ کے مطابق حملے میں ڈی پی او وقار احمد محفوظ رہے، زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ پر پولیس نفری روانہ کر دی گئی۔