امریکی ناظم الامور کی دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قربانیوں کی تعریف

امریکی ناظم الامور نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی۔وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کی اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا تعاون، سیاحت کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار سمیت متعدد امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی معیشت کے استحکام، ترقی کے تسلسل اور امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مثالی قربانیاں دی ہیں جنہوں نے عالمی امن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور ہماری قربانیاں صرف اپنے ملک کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے جامع پالیسی متعارف کرائی ہے، جسے مزید مستحکم اور موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی قانون سازی کی جا رہی ہے، تاکہ میڈیا ورکرز کو بہتر سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہارکیا۔