ٹی ایل پی احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کا ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ، میٹرو بس سروس بند

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی نیوزچینل کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج اور ریلی کے پیش نظر انتظامیہ نے اسلام آباد کے داخلی راستوں اور ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کے فیصلے کے بعد 70 سے زائد کنٹینر اسلام اباد پہنچا دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری داخلی راستوں پر تعینات کیا جائے گا اور ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو بھی مکمل سیل کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے نقص امن کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کو کل تک بند کردیا ہے جبکہ کل مری رڈ سے ملحقہ تمام سڑکوں پر قائم سرکاری و پرائیوٹ اسکولز بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر زرعی یونیورسٹی میں کل چھٹی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے باعث تدریسی و انتظامی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو نوٹیفکیشن ارسال کر دیا۔