اسلام آباد:پی ٹی آئی نے مستقبل میں کسی کمزور سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد سے بچنے اور دیگر قانونی پیچیدگیوں کے حل کے پیش نظر الگ سے نئی جماعت رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق نئی جماعت کیلئے تحریک انصاف پاکستان یا انصاف پاکستان کے ناموں پر غور جاری ہے، آئندہ الیکشن دونوں جماعتیں مل کر لڑا کریں گی۔ نئی پارٹی کے آئین اور رکنیت سازی کے تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔ نئی جماعت کا چیئرمین اور تنظیمی ڈھانچہ مکمل طور پر پی ٹی آئی سے الگ ہوگا، بانی پی ٹی آئی بھی انصاف پاکستان جیسے نام سے نئی جماعت بنانے کا ارادہ ظاہر کرچکے، نئی جماعت کے ایک ہزار رکن بنانے کیلئے شناختی کارڈز سمیت ڈیٹا اکٹھا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آئندہ سے اپنی ہی نئی جماعت کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا کرے گی، الیکشن سے پہلے یا بعد میں کسی مشکل میں نئی جماعت کا سہارا لیا جائے گا، نئی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے جلد الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں الیکشن میں ماضی کی طرح کسی اور جماعت کا سہارا نہ لینا پڑے، رکنیت سازی اور آئین بنانے کا کام مکمل ہوتے ہی پارٹی رجسٹرڈ کرالی جائے گی۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				