لاہور : پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے بارشوں کے باعث دریائوں کے بہائو میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا، ستلج اور راوی میں پھر نچلے درجے کے سیلاب آ گئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم میں پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے جس کے باعث 24 گھنٹوں میں منگلا اپ اسٹریم میں درمیانے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا اور راوی میں ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کے سیلاب آگئے۔
ادھر ضلع بہاولپور سے بدترین سیلاب تو گزر گیا لیکن تباہی کے انمٹ نقوش چھوڑ گیا، سیلابی ریلے سے ہزاروں مکانات گر چکے ہیں، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بر باد ہو گئیں تاہم اب سیلابی پانی میں مچھروں کی بھرمار ہے جو بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا سے بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے،کچھ نشیبی بستیاں اور علاقے اب تک پانی کی لپیٹ میں ہیں۔نوراجہ بھٹہ بند میں پڑنے والے تمام 7 شگاف مکمل بند کر دیے گئے، سیلاب سے متاثر ایم 5موٹروے 25ویں روز بھی بند ہے۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے کا 23کلو میٹر لمبا ٹریک 13سے زائد مقامات سے متاثر ہوا ہے، موٹر وے کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، متبادل راستوں سے ٹریفک چلائی جارہی ہے۔
 
		 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                            
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				