فِشنگ حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ، الرٹ جاری

نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (سرٹ) نے ملک بھر میں فِشنگ حملوں میں اچانک اضافے پر صارفین کو شدید خبردار کرتے ہوئے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہریوں کو ایس ایم ایس ، واٹس ایپ اور جعلی کالز کے ذریعے دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن کے ذریعے ان کی ذاتی معلومات چوری کی جا رہی ہیں۔

سرٹ کا کہنا ہے کہ ان جعلی پیغامات میں اکثر انعام، لاٹری، یا بینک الرٹ کا جھانسہ دیا جاتا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو غیرمحفوظ لنکس پر کلک کروایا جاتا ہے۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک پیغام یا کال کا جواب نہ دیں، اور نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے مکمل اجتناب برتیں۔ریسپانس ٹیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بینک اکاؤنٹ، شناختی کارڈ نمبر یا او ٹی پی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، اور صرف سرکاری چینلز کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کریں۔

غیرتصدیق شدہ ویب سائٹس یا ایپس کے ذریعے لاگ ان کرنے سے بھی سختی سے گریز کیا جائے۔مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی مشکوک لنک پر کلک ہو جائے تو فوراً پاس ورڈ تبدیل کریں اور متعلقہ ادارے کو اطلاع دیں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنے موبائل اور ای میل اکاؤنٹس میں دوہری تصدیق کو فعال رکھیں تاکہ ممکنہ سائبر خطرات سے بچا جا سکے۔

نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری کردہ عوامی آگاہی مہم “فِشنگ سے بچیں، اپنی معلومات محفوظ بنائیں کے تحت شہریوں سے کہا گیا ہے کہ آگاہی ویڈیوز ضرور دیکھیں اور انہیں اپنے دوستوں، اہلِ خانہ اور ساتھیوں کے ساتھ شیئر کریں۔